لاہور (ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9مئی کو جلائو گھیرائو، پرتشدد واقعات، بلوہ، سرکاری و عسکری تنصیبات پر حملے کرنے والوں کو تین دن کے اندر اندر گرفتار کر کے ان پر مقدمات قائم کیے جائیں۔
اپنے ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ سرکاری و نجی املاک کی لوٹ مار، انہیں تباہ و برباد کرنے اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث تمام عناصر، سہولت کاروں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے 72 گھنٹوں میں قانون کے مطابق کارروائی کر کے مجرموں کو انجام تک پہنچائیں۔
انھوں نے ہدایت کی کہ ملک دشمن عناصر کی نشاندہی کے لیے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جائے، جرائم کے مرتکب افراد کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا تا کہ آئندہ کسی کو ملکی مفادات کے ساتھ کھیلنے کی جرات نہ ہو سکے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر کیفر کردار تک پہنچانا ہمارا امتحان ہے۔