You are currently viewing سینیٹ الیکشن ؛ پولنگ کاوقت ختم

سینیٹ الیکشن ؛ پولنگ کاوقت ختم

اسلام آباد(ڈیسک)سینیٹ کی 52 نشستوں پر 113 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ قومی اسمبلی اور ملک کی چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 9 بجے پولنگ شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک بلاتاخیر جاری رہی۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد اسمبلیوں کے دروازے بند کردیے گئے اور اب الیکشن کمیشن کا عملہ ووٹوں کی گنتی میں مصروف ہے۔ نتائج کا اعلان جلد کیا جائے گا

سینیٹ انتخابات میں چاروں صوبوں کی 7، 7 جنرل نشستوں پر امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا، اسی طرح ہر صوبے سے خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی 2، 2 نشستوں پر امیدواروں کا چناؤ ہوگا، سینیٹ میں اقلیتوں کی 2، فاٹا کی 4 اور اسلام آباد کی 2 نشستوں کے لئے بھی مختلف جماعتوں کے امیدوار آمنے سامنے ہیں، اسلام آباد کی ایک نشست جنرل اور دوسری ٹیکنوکریٹ کے لئے مختص ہے، متعلقہ اسمبلی کے ممبران ترجیحی بنیادوں پر خفیہ رائے شماری دیں گے جس امیدوار کو زیادہ ترجیحی ووٹ ملیں گے وہ سینیٹر بن جائے گا

بلوچستان میں جنرل نشست پر سینیٹر کے انتخاب کے لئے 9 جب کہ ٹیکنوکریٹ اور خاتون نشست کے لئے 33، 33 ووٹ درکار ہوں گے۔ خیبرپختونخوا سے جنرل نشست پر سینیٹر بننے کے لئے اٹھارہ ووٹ درکار ہوں گے، ٹیکنو کریٹ اور خاتون کی مخصوص سیٹ کے لیے 62، 62 ووٹوں کی ضرورت ہو گی۔ سندھ سے جنرل نشست کے لیے 24 جب کہ ٹیکنوکریٹ اور خاتون کی نشست کے لئے 84، 84 ووٹ درکار ہوں گے۔

پنجاب سے ایک جنرل نشست کے لئے 53 ووٹ ڈالے جائیں گے، خاتون اور ٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئے امیدواروں کو 186، 186 ووٹوں کی ضرورت پڑے گی۔ فاٹا کی چار نشستوں کے لئے قومی اسمبلی میں موجود 11 ارکان ووٹ دیں گے، ہر رکن  چار امیدواروں کو ووٹ دے سکے گا، 5 یا اس سے زائد امیدواروں کو ووٹ دینے والے کا ووٹ مسترد کردیا جائے گا۔

 

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.