You are currently viewing سیالکوٹ میں جلسے کی کوشش : پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار و دیگر گرفتار

سیالکوٹ میں جلسے کی کوشش : پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار و دیگر گرفتار

سیالکوٹ(ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف سیالکوٹ کے رہنمائوں کی بغیر اجازت مسیحی برادری کے گرائونڈ میں جلسے کی کوشش، پولیس کی کارروائی، پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار و دیگر گرفتار ۔

اطلاعات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے بغیر اجازت مسیحی برادری کے سی ٹی آئی گرائونڈ میں جلسہ کرنے کی کوشش کرنے پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کو دیگر کارکنان کے ہمراہ گرفتار کر لیا ۔ سیالکوٹ کے چرچ کی زمین پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے اجازت نہ ملنے کے باوجود جلسے کے انتظامات کرنے کی کوشش کی ، انتظامیہ نے تحریک انصاف کے رہنمائوں کو جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کے لیے کہا ، رہنمائوں کے انکار کرنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عثمان ڈار، عمر ڈار، حافظ رضا، علی اسجد ملہی، مہر کاشف، سعید احمد و دیگر کو حراست میں لے لیا، بعد ازاں لاٹھی چارج کرتے ہوئے پولیس نے مذکورہ گرائونڈ خالی کروا لیا۔ پولیس کی کارروائی کے بعد تحریک انصاف نے جلسے کے انعقاد کے لیے دوسری جگہ کا تعین کر لیا۔ نئی جگہ پر جلسے کے انتظامات کرنے کی وجہ سے پی ٹی آئی کے جلسہ کے انعقاد میں تاخیر کا امکان ہے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بغیر اجازت مسیحی برادری کی عبادت گاہ کے سامنے جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عمران قریشی نے جلسہ گاہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجی ملکیت ہونے کی وجہ سے مذکورہ جگہ پر جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے، تحریک انصاف کسی بھی اور جگہ جلسہ کرنا چاہے تو ہم وہ جگہ دینے کو تیار ہیں، ہم نے متعدد مرتبہ تحریک انصاف کو جگہ تبدیل کرنے کی درخواست کی کیونکہ یہ جگہ امریکن چرچ کی ذاتی ملکیت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ جلسہ کرناآئینی قانونی حق ہے، ہمیں ایک دن پہلے بتایا گیا کہ جلسہ گاہ تبدیل کرو، عمران خان آج ہرصورت سیالکوٹ آئیں گے، ہمیں جیلوں میں ڈال دو لیکن جلسہ وہیں پہ ہوگا۔ پی ٹی آئی میڈیاکوآرڈینیٹر کے مطابق عثمان ڈار اور دیگر رہنماؤں کو گرفتار کرکے نارووال جیل لے جایاجارہاہے۔ آزاد کشمیر کے وزیر مذہبی امور صاحبزادہ حامد رضا نے گرفتاری کے بعد پولیس وین میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اور عمر ڈار کو گرفتار کر لیا گیا ہے ملکی تاریخ میں کبھی ایسا ظلم پہلے نہیں ہوا ہمارے پرامن جلسے کو سبوتاژ کیا گیا۔
جلسہ کے خلاف لاہور کی مسیح برادری نے بھی مال روڈ پر احتجاج کیا۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ پی ٹی آئی غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے، چرچ کی زمین کے سیاسی استعمال سے مسیحی برادری کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، کسی بھی مقدس مقام پر سیاسی جلسہ کرنا درست نہیں ہے، چرچ کی زمین پر جلسہ کی اجازت نہ کورٹ نے اور نہ ہی ڈی سی نے دی، عثمان ڈار غنڈہ گردی کر رہے ہیں، جس کی اجازت نہیں دیں گے۔
مسیحی برادری کا کہنا ہے کہ سی ٹی آئی گراؤنڈ ہماری ملکیت ہے جہاں سالانہ مذہبی تہوار اور تعلیمی سرگرمیاں ہوتی ہیں، ہم نے پی ٹی آئی کا سیاسی جلسہ رکوانے کےلیے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دی، جلسے سے ہمارے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔