You are currently viewing سیاستدان دست و گریباں، صورتحال تشویشناک، فیصلہ کر لیں کیا بہتر ہے، سپریم کورٹ

سیاستدان دست و گریباں، صورتحال تشویشناک، فیصلہ کر لیں کیا بہتر ہے، سپریم کورٹ

اسلام آباد (ڈیسک) الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیے کہ سیاست دان آپس میں دست و گریباں ہیں، ملک کی سیاسی و معاشی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہو چکی، حکومت اور پی ٹی آئی بیٹھ کر فیصلہ کر لیں کہ پاکستان کے لیے کیا بہتر ہے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے مزید کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی انتخابات چاہتی ہیں تو دونوں کو یقین دہانی کرانا ہو گی، یقین دہانی کیا ہو گی یہ عدالت نے نہیں بتانا، دونوں کو طے کرنا ہے، عدالت کو صرف یقین دہانی چاہیے، انتخابات پُرامن، شفاف اور منصفانہ ہونے چاہئیں، یقین دہانی کرائیں کہ شفاف انتخابات کے لیے پی ٹی آئی اور حکومت پُرامن رہیں گی، عوام کے لیے کیا اچھا ہے کیا نہیں اس حوالے سے فریقین خود جائزہ لیں۔
چیف جسٹس نے سماعت کے دوران مزید کہا کہ آئین صرف حکومت بنانے اور گرانے کے لیے نہیں، موجودہ سیاسی ماحول بہت خراب ہے، انتخابات تب ہی ممکن ہیں جب حالات سازگار ہوں، حقائق سے منہ بھی موڑا نہیں جا سکتا، الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لیے سہولت اور معاونت درکار ہوتی ہے، الیکشن کمیشن صرف ایک ادارہ ہے، دیگر اداروں کی معاونت کے بغیر اس کا فعل ممکن نہیں۔  چیف جسٹس سپریم کورٹ عمر عطا بندیال نے پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات کیس میں فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔  سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔