اسلام آباد(ڈیسک)سپریم کورٹ میں مارگلہ ہلز پر قائم مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف دائر اپیل پر سماعت آج بدھ کو ہوگی۔
منگل کو جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل تین رکنی بینچ نے مارگلہ ہلز پر قائم مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف دائر اپیل پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ آ گیا ہے۔ اس دوران مونال ریسٹورنٹ کے وکیل مخدوم علی خان نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ ملا نہ ہی مختصر حکمنامہ کی تصدیق شدہ نقل، کیس کی فائل فیصلہ دینے والے جج کے چیمبر میں ہے اس لیے نقل نہیں مل سکی،عدالت عظمی فیصلے کی تصدیق شدہ نقل کے بغیر ہی سماعت کر لے، اپیل کیساتھ لگائی گئی فیصلے کی نقل ہائیکورٹ کی ویب سائٹ سے لی گئی ہے،عدالت سے استدعا ہے کہ اپیل پر نمبر لگانے کی ہدایت کی جائے۔ عدالت عظمی نے مونال ریسٹورنٹ کی اپیل پر رجسٹریشن نمبر لگانے اور آج بدھ کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ مونال ریسٹورنٹ نے سیل کیے جانے کے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔