اسٹاک ہوم (ڈیسک) سویڈن میں قرآن کریم کے بعد مقدس آسمانی کتابوں انجیل اور توریت کی بے حرمتی کی اجازت بھی دے دی گئی۔
سویڈش پولیس نے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر مظاہرے کی اجازت دی ہے جس میں مظاہرین نے مقدس آسمانی کتابوں انجیل اور توریت کو نذر آتش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
سویڈش پولیس کے مطابق مظاہرین کی جانب سے احتجاج کی درخواست میں کہا گیا کہ آج ہونے والا مظاہرہ قرآن پاک کی بے حرمتی کا ردعمل اور آزادی اظہار رائے کے حق میں ہوگا۔
پولیس کے مطابق آئین کے تحت صرف عوامی اجتماع کی اجازت دی گئی ہےجبکہ اسرائیلی سفارت خانےکے باہر اس سرگرمی میں 3 افراد شریک ہوں گے۔
تاہم مظاہرین کون ہیں اور ان کا تعلق کس پارٹی سے ہے؟ اس حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق پولیس نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملکی قوانین کے باعث مظاہرے اور احتجاج کی اجازت دیتے ہیں، اس لیے نہیں کہ وہاں ایسی سرگرمیاں کی جائیں ۔
دریں اثناء اسرائیل نے اپنے سفارت خانے کے باہر ہونے والے مظاہرے کی مذمت کی ہے جب کہ یہودی تنظیموں نے بھی اس پر سخت احتجاج کیا ہے۔