نیویارک(ڈیسک)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رواں ماہ کے چیئر مین اور اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب چانگ جون نے امن دستوں میں شامل افراد کی سلامتی کے حوالےسے سلامتی کونسل کی کھلی بحث کی صدارت کی۔
چینی ریڈیو کے مطابق سلامتی کونسل کے ارکان نے چین کےمسودے کی منظوری دی،یہ پیش رفت موجودہ صورتحال میں امن دستوں میں شامل افراد کی سلامتی کو مضبوط بنانے کے لیے سلامتی کونسل کا نیا اتفاق رائے ہے۔مسودے میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل نے امن کا تحفظ کرنے والے افراد کو درپیش سلامتی خطرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ بیان میں اس بات کو سراہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے امن کا تحفظ کرنے والے افراد کی سلامتی کو امن کارروائیوں کا اہم حصہ قرار دیا ہے ۔ سلامتی کونسل نے امن دستوں میں شامل افراد کی ویکسینیشن کی بھی اپیل کی ہے اور انہیں نشانہ بنانے کی سرگرمیوں کی مذمت کی ہے۔اس موقع پر چیئر مین چانگ جون نے سلامتی کونسل کی بحث میں شریک ارکان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین امید کرتا ہے کہ وہ مختلف فریقوں کے ساتھ مل کر عالمی امن و سلامتی کے تحفظ میں مزید اہم کردار ادا کر سکے گا۔ اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کے امن دستوں میں شامل افراد کو درپیش سلامتی خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ رواں سال امن دستوں میں شامل تقریبا 50افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس پر عالمی برادری نے شدید تشویش کااظہار کیاہے۔