کولمبو(ڈیسک) سری لنکا کرکٹ نے جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لئے 22 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ۔
واناندو ہسرانگا ، منوڈ بھنوکا ، اسیتھا فرنینڈو ، دلشان مدوشانکا اور سنتھوش گناتیلکا کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔33سالہ آل راﺅنڈر انجیلو میتھیوز اس سکواڈ کا حصہ ہیں لیکن وہ جنوبی افریقہ کا دورہ نہیں کریں گے کیونکہ وہ ہیمسٹرنگ انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں ۔ انجیلو میتھیوز کو ہیمسٹرنگ انجری حال ہی میں ختم ہونے والی لنکا پریمیر لیگ کے دوران ہوئی تھی ۔سری لنکا کرکٹ کے مطابق آئندہ دو سیریز کے لئے منتخب ہونے والا 22 رکنی سکواڈ وہی ہے جس نے لنکا پریمیر لیگ سے قبل پالے کیلی میں 10 روزہ تربیتی کیمپ میں حصہ لیا تھا۔ اوپننگ بلے باز اوشاڈا فرنینڈو ابھی ٹخنوں کی انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور وہ پروٹیز کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ میں کوسل پریرا کے ساتھ اوپننگ کے چانس کو بھی گنوا سکتے ہیں۔قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اشانتھا ڈی میل کے مطابق اوشاڈا کی پروٹیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت مشکوک ہے لیکن وہ دوسرے میچ کے لئے فٹ ہوجائیں گے۔ نروشان ڈیکویلا اور دھننجیا ڈی سلوا بھی انجری کا شکار ہیں لیکن ڈی میل کے مطابق توقع ہے کہ دونوں کھلاڑی بہت جلد فٹ ہو جائیں گے ۔ اشانتھاڈی میل نے کہا ہے کہ کھلاڑی اور آفیشلز کے جنوبی افریقہ پہنچنے کے بعد اور سنچورین میں باکسنگ ڈے سے شروع ہونے والے ابتدائی ٹیسٹ سے قبل کھلاڑی 20 دسمبر سے بینونی میں تین روزہ پریکٹس میچ کھلیے گی ۔ دورہ جنوبی افریقہ 11 ماہ میں سری لنکا کی پہلی ٹیسٹ اسائنمنٹ ہے۔
سری لنکن ٹیم نے آخری بار زمبابوے کے خلاف جنوری 2020 میں کوئی میچ کھیلا تھا جبکہ شیڈول ہوم سیریز انگلینڈ کے خلاف مارچ 2020 میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاﺅ کی وجہ سے ملتوی ہوگیا تھا۔ سری لنکن ٹیم نے فروری 2019 میں اپنے آخری دورہ جنوبی افریقہ میں میزبان ٹیم کے خلاف2-0 کی سیریز میں تاریخی کامیابی حاصل کی تھی اور اس فتح کے بعد سری لنکن ٹیم جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز جیتنے والی پہلی ایشین ٹیم بن گئی تھی۔جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لئے سری لنکا ٹیسٹ سکواڈ کی قیادت دیموتھ کرونارتنے کریں گےجبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کوسل جنیتھ پریرا ، دنیش چندیمل ، کوسال مینڈس ، انجیلو میتھیوز ، اوشاڈا فرنینڈو ، دھانن جایا ڈی سلوا ، نیروشان ڈیکویلا ، منوڈ بھنوکا ، لاہیرو تھریمانے ، لیسیھ مبولینیا ، واناندو ہسرانگا ، دلروان پریرا ، سورنگا لکمل ، لاہیرو کمارا ، وشوا فرنینڈو ، کسون راجیتھا ، دوشمنتھا چیمیرہ ، داسن شاناکا ، سنتھوش گناتیلیکا ، آسیتھا فرنینڈو اور دلشان مدوشینکا شامل ہیں۔