اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مشیر عالم نے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کرلی۔
جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں کہا کہ اللہ نے مجھے میری حیثیت سے زیادہ عزت دی، ایڈہاک ججز نامزدگی کے بعد سوشل میڈیا پر جو مہم شروع کی گئی اس سے شدید مایوسی ہوئی۔
جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم نے مزید لکھا کہ موجودہ حالات میں بطور ایڈہاک جج کام کرنے سے معذرت چاہتا ہوں۔
ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل نے سپریم کورٹ میں بطور ایڈہاک جج تعیناتی پر رضا مندی ظاہر کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے تاحال رجسٹرار سپریم کورٹ کو جواب نہیں دیا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی کےلیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 19 جولائی کو طلب کیا گیا ہے جس میں ایڈہاک ججز کےلیے 4 ناموں پر غور کیا جائے گا۔