اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق کمشنر راولپنڈی کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی تحقیقاتی کمیٹی نے سابق کمشنر لیاقت علی چٹھہ کے الزامات پر تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے لیاقت چٹھہ کی پریس کانفرنس کے ٹرانسکرپٹ کے لیے پیمرا کو خط لکھ دیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ راولپنڈی ڈویژن کے 6 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے تحریری بیانات جمع کروادیے جس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن سےقومی اسمبلی کے 13 حلقوں کے آر اوز کے بیانات بھی قلم بند ہوں گے جبکہ کمیٹی صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات بھی قلم بند کرے گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ راولپنڈی ڈویژن میں انتخابی دھاندلی کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرتا ہوں، مجھے راولپنڈی کے کچہری چوک میں سزائے موت دی جائے۔