You are currently viewing سابقہ حکومت نے عالمی برادری کا اعتماد تباہ کر دیا، فضل الرحمن

سابقہ حکومت نے عالمی برادری کا اعتماد تباہ کر دیا، فضل الرحمن

ڈیرہ اسماعیل خان (ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے خود اعتمادی کے ساتھ پالیسی اپنانا ہوگی، سابقہ حکومت نے بین الاقوامی برادری کا اعتماد تباہ کردیا،ہمیں سود کا خاتمہ کرنا ہوگا، سود کے خلاف فیصلہ خوش آئند ہے۔
پیر کوڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو ڈیرہ اسماعیل خان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، یہ خطہ جغرافیائی لحاظ سے بہت اہم ہے، یہ علاقہ پوری دنیا کیلئے کاروباری حب کا درجہ اختیار کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے دورحکومت میں بے شمار ترقیاتی منصوبے شروع کرائے جن میں سے بعض مکمل ہوئے اور بعض مکمل نہ ہوسکے لیکن بعد میں آنے والی حکومت نے ان منصوبوں کو ادھورا چھوڑ دیا، سابق دور حکومت میں معیشت تباہی کی طرف چلی گئی، عمران خان کے دور میں ترقیاتی منصوبے روک دیئے گئے تھے۔
نوا زشریف کے دور میں ملک میں اربوں ڈالرزکی سرمایہ کاری ہوئی ، پاکستان کو اس وقت بیرونی امداد کی ضرورت ہے لیکن ہم نے بین الاقوامی برادری کے اعتماد کو خراب کردیا ہے اور ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی،ہم نے عالمی برادری کے پاکستان پر اعتماد کو بحال کرنا ہے، ملک میں انتشار کے خواہاں ناکام ہوچکے ہیں، سابقہ حکومت نے بین الاقوامی برادری کا اعتماد تباہ کردیا، معیشت کی تباہی کا ایجنڈا لانے والے مایو س ہوچکے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کبھی بھی پاکستان کا خیرخواہ نہیں ہوسکتا،ہمیں سود کا خاتمہ کرنا ہوگا، سود کے خلاف فیصلہ آنے پر نیشنل بینک اور سٹیٹ بینک نیاپنی اپیلیں واپس لیں جو کہ خوش آئند ہیں، ہمیں ملک کی ترقی کیلئے خود اعتمادی کے ساتھ پالیسی اپنانا ہوگی، پاکستان خطے میں باوقارملک بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس خطے میں زرعی ترقی کے اقدامات بھی ضروری ہیں۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.