You are currently viewing زمان پارک کی تلاشی دینے سے عمران خان کا انکار، مذاکرات بے نتیجہ ختم

زمان پارک کی تلاشی دینے سے عمران خان کا انکار، مذاکرات بے نتیجہ ختم

لاہور (ڈیسک) عمران خان اور ان کی لیگل ٹیم نے پولیس اور انتظامیہ کو زمان پارک میں سرچ آپریشن کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
کمشنر لاہور کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے عمران خان اور لیگل ٹیم سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے سرچ آپریشن کیلئے شرائط سامنے رکھ دیں اور ملاقات میں ڈیڈلاک آیا جس کے بعد مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔
کمشنر لاہور کی سربراہی میں قائم تین رکنی حکومتی ٹیم نے دہشت گردوں کی تفصیل اور ان کے تمام شواہد زمان پارک انتظامیہ کے حوالے کیے۔
عمران خان سے ملاقات کے بعد حکومتی ٹیم نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سےملاقات کی اور عمران خان سے ہوئی ملاقات سے متعلق آگاہ کیا۔
کمشنر لاہور کی سربراہی میں قائم تین رکنی حکومتی ٹیم نے زمان پارک میں عمران خان سے ان کے گھر میں ملاقات کی اور تلاشی کے حوالے سے ضابطہ کار (ٹی او آرز) پر بات چیت کی گئی۔
عمران خان اپنی رہائشگاہ میں موجود ہیں جبکہ میڈیا کے نمائندے اور وکلا باہر موجود ہیں۔
کمشنر کی سربراہی میں ٹیم نے عمران خان سے ملاقات کی اور تلاشی کے حوالے سے ٹی او آرز پر گفتگو کی۔ عمران خان کی لیگل ٹیم اور کمشنر کی ٹیم کے درمیان ٹی او آرز پر گفتگو ہوئی تاہم کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کمشنر لاہور کی سربراہی میں 3 رکنی ٹیم زمان پارک گئی، اس نے ابھی کوئی سرچ آپریشن نہیں کرنا بلکہ گھر کی تلاشی کے لیے SOPs طے کرنے ہیں۔ میڈیا کی جس ٹیم کو دورہ کروایا گیا تھا اسے گھر کے اندر جانے کی اجازت نہیں تھی لہٰذا یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ گھر کی تلاشی دے دی گئی۔
نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’زمان پارک میں سرچ آپریشن کے حوالے سے کوئی اتفاق نہیں ہوپایا، زمان پارک میں سرچ آپریشن کے حوالے سے ڈیڈلاک ہے، عمران خان کا اصرار ہے کہ زیادہ پولیس اہلکار سرچ آپریشن کے لیے نہ آئیں۔‘
عامر میر نے کہا کہ عمران خان کو 2200 افراد کی فہرست دی گئی ہے، عمران خان کو بتایا ہے کہ ہمیں 2200 افراد مطلوب ہیں، حسان نیازی، زبیر نیازی، مراد سعید، اعظم سواتی، حماد اظہر بھی مطلوب افراد میں شامل ہیں، ملزمان کی جیو فینسنگ کی گئی، ان لوگوں کی زمان پارک کی لوکیشن سامنے آئی، عمران خان چاہتے ہیں 4 پولیس اہلکار سرچ آپریشن کے لیے آئیں، عمران خان نے کہا کہ جن کی فہرستیں دی گئی ہیں وہ یہاں نہیں ہیں۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی ٹیم کی زمان پارک میں عمران خان کی مذاکراتی ٹیم سے ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی، حکومتی ٹیم نے دہشت گردوں سے متعلق تمام شواہد عمران خان کی مذاکراتی ٹیم کے حوالے کیے تاہم پولیس اور انتظامیہ کو سرچ آپریشن کی اجازت نہیں دی گئی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن کے لیے عمران خان نے شرائط رکھ دیں، کمشنر لاہور نےدہشت گردوں کی فہرست عمران خان کے حوالے کردی ہے۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7