لاہور (ڈیسک) زمان پارک میں جھڑپوں کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سرکار کو پہنچائے جانے والے مالی نقصان سے متعلق رپورٹ سامنے آگئی۔
لاہور پولیس کی جانب سے آئی جی پنجاب کو بھجوائی گئی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے 3 واٹرکینن اور پولیس کی 10 گاڑیوں کو نقصان پہنچایا، ایک بس کوجزوی نقصان پہنچایا گیا، واٹر ٹینکرکو مکمل طور پر جلا دیا گیا۔
3 واٹر کینن کا ساڑھے 58 لاکھ روپےکا نقصان ہوا، 42لاکھ 50 ہزار مالیت کا واٹرٹینکر مکمل طور پر جلا دیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ تمام گاڑیوں کا1کروڑ 10لاکھ 90ہزار روپےکا نقصان ہوا، ٹریفک سیکٹر شادمان میں 8 موٹر سائیکلیں جلادی گئیں، ایک 125سی سی، 2 ڈھائی سوسی سی بائیکس جلادی گئیں۔
موٹر سائیکلوں کی مالیت23 لاکھ روپے تھی، وائرلیس سیٹس اور کمیونیکیشن سسٹم کو 35 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا، کیمرے،کمپیوٹر سسٹم اور چھتریوں کی مد میں 11 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرول بم سے لگنے والی آگ سے روزنامچےکا 3 سال کا ریکارڈ جل گیا، ٹکٹنگ کارجسٹر، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر شہریوں سے لیےگئے شناختی کارڈز، رجسٹریشن بکس اور لائسنس کے علاوہ جولائی 2020 سے دسمبر 2022 تک تمام چالان بکس بھی جل گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ 50 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو زخمی بھی کیا گیا۔