کھٹمنڈو ، نئی دہلی(ڈیسک) زلزلے کی عالمی سطح پر کی گئی پیش گوئی کے بعد بھارت اور نیپال میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
نیپال میں 6.3شدت کے زلزلے نے زمین کو ہلا کر رکھ دیا ، ابتدائی معلومات کے مطابق زلزلے کا مرکز 10کلو میٹر گہرائی میں زیر زمین بتایا جا رہا ہے۔
نیشنل سیسمولیوجیکل سینٹر کے مطابق نیپال میں یکے بعد دیگر زلزلے کے دو جھٹکے آئے جن کی شدت 6.3 اور 5.3 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ نیپال میں زلزلے کے جھٹکےضلع بجھنگ میں آئے۔
ادھر بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی سمیت بھارت کے دیگر حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، بھارتی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ڈیرا دون، اتر پردیش و دیگر شہروں میں محسوس کیے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر عمارتوں سے باہر نکل آئے تا ہم کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
یاد رہے کہ نیدر لینڈ کے سولر سسٹم جیومیٹری سروے میں پاکستان اور گرد و نواح میں ایک روز قبل ہی زلزلے کی پیش گوئی کی جا چکی ہے۔
پیش گوئی میں بتایا گیا تھا کہ 6یا اس سے زائد شدت کے زلزلے پورے خطے کو ہلا سکتے ہیں۔
زلزلہ پیما ریسرچ انسٹیٹیوٹ سولر سسٹم جیومیٹری سروے نے چمن فالٹ لائن کو انتہائی طاقتور ممکنہ زلزلہ کا ریجن قرار دیتے ہوئے سطح سمندر کے قریب فضا میں برقی چارج کے اتار چڑھاؤ کی اطلاع دی تھی۔
معلومات کے مطابق ایک نقشہ جاری کیا گیا تھا جس میں جامنی رنگ والے علاقوں بشمول بلوچستان کو زلزلے کی زد میں آنے کے بارے میں بتایا گیا تھا۔