راولپنڈی (ڈیسک) سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے ن لیگ کو ختم کر دیا ہے، اب شہباز شریف کو چاہیے کہ جتنا جلد ہو سکے قومی اسمبلی کے الیکشن کروا دیے جائیں، جتنی جلدی الیکشن ہوں گے اتنا ہی ملک کے مفاد میں بہتر ہو گا، وہ اسلام آباد میں پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری نے ن لیگ کو ختم کر دیا، فضل الرحمٰن آ کر قل پڑھائیں۔ سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ آصف زرداری بلاول کو وزیر اعظم اور خود صدر دیکھنا چاہتے ہیں ، شہباز شریف اب سی ڈی اے کے وزیرِ اعظم بن کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی ہفتے قومی اسمبلی توڑ دی جائے، جتنی جلدی قومی اسمبلی کا الیکشن ہو پاکستان کے مفاد میں ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لکشمی چوک پر ن لیگ کا جنازہ نکلا ہے، ن لیگ کو رات 12 بجے سے چپ لگی ہوئی ہے، یہ کہتے تھے کہ ن لیگ 16 سیٹیں اور پی ٹی آئی 4 لے گی، میں نے پہلے کہا تھا کہ اس کا الٹ ہوگا۔ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ثابت ہو گیا کہ عمران خان کا بیانیہ گھر گھر پہنچ چکا ہے، انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بہتر فیصلہ کرتی تو لاہور سے چوتھی نشست بھی جیت جاتی، گزشتہ روز کے الیکشن سے اسٹیبلشمنٹ کو بھی عزت ملی ہے، پنجاب میں صاف اور شفاف الیکشن ہوئے۔سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ نیب ترامیم کے خلاف عمران خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کل سپریم کورٹ جاؤں گا، اس حکومت نے قومی اسمبلی سے خوفناک کام لیے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان ایسا کوئی فیصلہ نہیں کریں گے جو ملک کے خلاف ہو، یہ لیبارٹری ٹیسٹ تھا جس میں قوم نے عمران خان کے حق میں فیصلہ دے دیا۔