You are currently viewing ریکوڈک منصوبہ پاکستان اور بلوچستان کیلئےگیم چینجر ہے، فرح عظیم

ریکوڈک منصوبہ پاکستان اور بلوچستان کیلئےگیم چینجر ہے، فرح عظیم

اسلام آباد (ڈیسک) ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نے ریکوڈک منصوبہ کو پاکستان اور بلوچستان کے لئے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی، جنوری میں باقاعدہ اس منصوبے کا افتتاح کوئٹہ میں کیا جائے گا۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرح عظیم شاہ نے کہا کہ دہشت گرد حملوں کے بعد بھی بلوچستان میں ترقیاتی کام کسی بھی صورت نہیں رکے گا، ہمیں جتنا بیرونی سازشوں سے خطرہ ہے اتنا ہی اندرونی سازشوں سے بھی خطرہ ہے، عوام لاپتہ افراد کے حوالے سے جھوٹے پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔
انھوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان اور بلوچستان کے لئے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہو گا، اس منصوبے سے 8 ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔جب کام شروع ہو جائے گا مزید تین ہزار لوگوں کو روزگار میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے مکمل ہونے سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی، وزیر اعلی بلوچستان کا واضح موقف ہے کہ بلوچستان کے عوام کو روزگار ملے گا، بغیر کسی خرچ کے 25 فیصد حصہ بلوچستان کی عوام کو ملے گا، رائلٹی کی مد میں پہلے 2 فیصد اور اب 5 فیصد ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب سے ریکوڈک کا معاملہ شروع ہوا تو وزیراعلی نے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر دستخط کئے، اس معاہدے سے بلوچستان ترقی کرے گا، ریکوڈک کے ذریعے صوبے میں خوشحالی آئے گی۔
فرح عظیم شاہ نے کہا کہ پاکستان کا صوبہ بلوچستان سونے کی چڑیا ہے، ہم سب کو بلوچستان کی قدر کرنی چاہیے، بلوچستان میں ترقیاتی کام اب ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوری میں باقاعدہ اس منصوبے کا افتتاح کوئٹہ میں کیا جائے گا، حکومت بلوچستان کا واضح موقف ہے کہ عوام اور صوبے کو اب ترقی دینی ہے۔
فرح عظیم شاہ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے ہمیشہ بڑا مسئلہ ہوتا ہے، لاپتہ افراد کی مصدقہ تعداد 691 ہے جس میں سے 303 کو بازیاب کرا لیا گیا ہے، باقی افراد کی بازیابی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، عوام جھوٹے پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔
انہوں نے کہا کہ گوادر میں حق دو تحریک کے دھرنے کے نتیجے میں کافی نقصان ہوا ہے، ہماری حکومت بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کو حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، حکومت بلوچستان کا واضح موقف ہے کہ عوام اور صوبے کو اب ترقی دینی ہے، دھرنے اور احتجاج سے ملک دشمن عناصر کو فائدہ ہو گا، اس لئے ان احتجاجی دھرنوں کے سلسلے کو ختم ہونا چاہیے۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7