اسلام آباد (ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ ریپ کرنے والوں کو سرعام پھانسی دینی چاہیے۔
ریپ کرنے والوں کو سرعام پھانسی کے حوالے سے وزہر اعظم عمران خان کا موقف سامنے آگیا ، وزیر اعظم عمران خان نے پوری قوم کےدلوں کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا ریپ کرنے والوں کو مثالی سزا دینی چاہیے، میرے خیال میں اسے چوک پر سرعام پھانسی دینی چاہیے اور یہ سزا ریپ کرنے والوں اور بچوں کا جنسی استحصال کرنے والوں کے لیے مخصوص ہونی چاہیے۔ لیکن بدقسمتی سے جب ہم نے اس پر مباحثہ کیا تو ہمیں بتایا گیا کہ بین الاقوامی سطح پر سرعام پھانسی کی سزا قابل قبول نہیں ہو گی اور یورپی یونین کی جانب سے دیا جانے والا جی ایس پی پلس اسٹیٹس خطرے میں پڑے جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ریپ کرنے والوں کو کیمیائی یا سرجیکل طریقے سے نامرد بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے اور ایسا کئی ملکوں میں کیا جا رہا ہے۔ موٹر وے گینگ ریپ کا مرکزی ملزم 2013 میں بھی ایک گینگ ریپ میں ملوث رہ چکا ہے اور معاشرے کو اس طرح کے مجرموں سے مستقل بنیادوں پر پاک کرنے کے لیے ہمیں نئی قانون سازی کی ضرورت ہے
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جنسی جرائم میں ملوث افراد کا صرف پولیس نہیں بلکہ پورے معاشرے کو مقابلہ کرنا چاہیے، دنیا کی تاریخ بتاتی ہے کہ جب معاشرے میں فحاشی بڑھتی ہے تو دو چیزیں ہوتی ہیں، جنسی جرائم بڑھتے ہیں اور خاندانی نظام تباہ ہو جاتا ہے۔