اسلام آباد (ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر او سی آئی کی ترجیحات میں شامل ہے، او آئی سی کے رکن ممالک کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کریں گے، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دنیا کی مسئلہ کشمیر کی جانب توجہ دلانے کیلئے دورہ پر آیا ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو آزاد جموں و کشمیر کے دورہ پر مظفر آباد میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانا ہماری ذمہ داری ہے، آزادجموں و کشمیر کا دورہ اس لئے کیا کہ اپنی آنکھوں سے صورتحال دیکھ سکوں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کے مظالم سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی ہے۔
حسین براہیم طحہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہمارا کردار او آئی سی کے رکن ممالک کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنا ہے۔ اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج کا دن کشمیریوں کیلئے بہت اہم ہے، حسین براہیم طحہ کی قیادت میں او آئی سی کے وفد کا دورہ آزاد جموں و کشمیر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پیشرفت کا حامل ہے، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی آمد سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی آزاد کشمیر آمد بھارتی ظلم و استبداد کے شکار کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔
قبل ازیں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے لائن آف کنٹرول کے علاقوں اور مہاجر کیمپوں کا دورہ بھی کیا۔ آزاد جموں و کشمیر کے دورے کے موقع پر انہوں نے مظفرآباد میں شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی سیکٹر کا دورہ کیا۔او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کنٹرول لائن کے پار سے ہونے والی فائرنگ کے شکار کشمیریوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے کشمیر کاز کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سمیت دیگر حکومتی شخصیات بھی او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ تھیں۔