اسلام آباد (ڈیسک) رویت ہلال ریسرچ کونسل نے عید الفطر25 مئی کی ہونے کی پیشگوئی کردی۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجازمفتی نے بتایا کہ چاند اس وقت تک دکھائی نہیں دیتا جب تک کہ اس کی عمرغروب آفتاب کے وقت کم ازکم 19 گھنٹے اورغروب شمس وغروب قمرکا درمیانی فرق کم ازکم 40 منٹ سے زائد نہ ہوجائے، نیزچاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم از کم 6 ڈگری اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ شوال کا چاند 22 مئی کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 10 بج کر 39 منٹ پر پیدا ہوگا۔ ہفتہ 23 مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر اگرچہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 20 گھنٹوں سے زائد ہوگی نیز غروب شمس اور غروب قمر کا درمیانی فرق پشاور، چارسدہ، راولپنڈی، اسلام آباد، مظفرآباد، گلگت اور لاہور میں 39 منٹ جبکہ کراچی، کوئٹہ اور جیوانی میں 40 منٹ ہوگا لیکن دیگر عوامل ناکافی ہونے کے باعث ہلال پشاور، لاہوراورکوئٹہ میں بصری آلات کی مدد کے بغیر دکھائی نہیں دے سکتا۔