You are currently viewing روس یوکرین کشیدگی، دنیا میں بے گھر افراد دس کروڑ سے بڑھ چکے، اقوام متحدہ

روس یوکرین کشیدگی، دنیا میں بے گھر افراد دس کروڑ سے بڑھ چکے، اقوام متحدہ

جنیوا (ڈیسک) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ روس کی یوکرین کے ساتھ کشیدگی کے باعث دنیا بھر میں اپنے گھروں سیجبرا نکالے جانے والے افراد کی تعداد پہلی بار دس کروڑ سے بڑھ گئی ہے جو کہ باعث تشویش ہے، 2021 کے آخر تک یہ تعداد 9 کروڑ تھی۔

فرانسیسی خبررساں ادارے نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی حالیہ رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ دنیا کے کئی علاقوں میں تشدد،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور دیگر ظلم و ستم کے نتیجے میں گھر چھوڑنے پر مجبور لوگوں کی تعداد پہلی دفعہ بڑھ کر 10 کروڑ کی حد عبور کرچکی ہے جس کی بڑی وجہ رو س اور یوکرین کے درمیان جاری تنازعہ ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل ایتھوپیا، برکینا فاسو،میانمار،نائیجر، افغانستان ،جمہوریہ کانگو اور بعض دیگر علاقوں میں تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے جبری بے گھر ہونے والوں کی تعداد 2021 کے آخر تک 9 کروڑ تک پہنچ گئی تھی، تاہم رواں سال 24 فروری کو روس کے یوکرین پر حملے کے بعد 80 لاکھ سے زیادہ یوکرینی بے گھر جبکہ 60 لاکھ سے زیادہ اپنا ملک چھوڑ چکے ہیں جو کہ عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ اور تشویشناک صورتحال ہے۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ اس رجحان کو تبدیل کرنے کے لیے واحد حل امن اور استحکام ہے تاکہ بے گناہ لوگوں کو گھر میں شدید خطرات یا غیر محفوظ پرواز اور جلاوطنی پر مجبور نہ کیا جائے۔