لاہور (ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب نے مہنگائی کے ستائے غریب عوام کے لئے بڑا رمضان پیکیج تیار کیا ہے جس کے تحت غریب گھرانوں کو مفت آٹا فراہم کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ منگل کو وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب میں رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔
پہلی دفعہ غریب گھرانوں کو مفت آٹے کی فراہمی کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا پیکیج ہے جو وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر تیار کیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب میں غریب ترین لوگوں کو خصوصی رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹا فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے غریب گھرانوں کو رمضان پیکیج کے تحت آٹے کی فراہمی پر جامع حکمت عملی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر پنجاب ماڈل کی طرز پر ملک بھر میں رمضان پیکیج کی غریب عوام کو فراہمی کے لئے وفاق صوبوں کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گا۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور سیکریٹری خزانہ مجاہد شیر دل نے رمضان پیکیج کے حوالے سے وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔
نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کے علاوہ سیکرٹری فوڈ اور دیگر اعلی حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔