اسلام آباد (ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر میں پاک فوج کے قافلے اورمیانوالی میں ٹریننگ ایئر بیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایوان صدرپریس ونگ کی طرف سے ہفتہ کویہاں جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے حملوں میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور اپنی جانوں کا کا نذرانہ پیش کرنے پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر نے کہاکہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں اوردہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ۔
صدر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
صدرنے شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔
صدر مملکت نے میانوالی میں ٹریننگ ایئر بیس پر حملے کی بھی مذمت کی اور دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر ِ اطمینان کا اظہارکیا۔