اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے 2 وزارتوں کے لیے صرف ایک ہی دفتر کے استعمال کا اعلان کردیا۔
محسن نقوی نے وزارت انسداد منشیات کا دورہ کیا اور اس دوران وزارت انسداد منشیات میں اپنا دفتر استعمال نہ کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے ایک ہی دفتر کافی ہے، 2 وزارتوں میں دفاتر وسائل کا ضیاع ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارت انسداد منشیات میں میرے دفتر کے اسٹاف کو کسی اور شعبے میں تعینات کیا جائے۔
محسن نقوی نے وزارت انسداد منشیات میں منسٹر آفس بند کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر انسداد منشیات محسن نقوی نے اجلاس کی صدارت بھی کی، اس دوران انہیں وزارت کے امور کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کےلیے منشیات کا سدباب اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاکر منشیات کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کریں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منشیات کا مکروہ دھندہ کرنے والوں سے کسی صورت نرمی نہیں برتی جائے گی۔
یاد رہے کہ 2 وزارتیں رکھنے کے ساتھ محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔