اسلام آباد (ڈیسک)ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس)نے کہا ہے کہ دال مونگ، مصالحہ جات، پیاز اور چینی سمیت متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فروری 2022 کے دوران کمی ہوئی ہے۔
منگل کو ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے صارفین کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریے (سی پی آئی) کے حوالے سے جاری اعدادوشمار کے مطابق فروری 2021 کے مقابلہ میں فروری 2022 کے دوران شہری علاقوں میں دال مونگ کی قیمت میں 25.64 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 26.37 فیصد کمی ہوئی ہے۔ اسی طرح شہری علاقوں میں مصالحہ جات کی قیمتوں میں 13.63 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 16.05 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اس دوران شہری و دیہی علاقوں میں پیاز کی قیمتوں میں بالترتیب 5.35 فیصد اور 5.06 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ مزید برآں چینی کی قیمتوں میں بھی اسی طرح 5.43 اور 4.53 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چکن کی قیمت میں شہری علاقوں میں 4.62 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 3.15 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ فوڈ آئٹم میں ٹماٹر، کوکنگ آئل،ویجیٹبل گھی، دال مسور، سبزیوں و پھلوں، چنے، گوشت اور بیسن کے علاوہ چاول وغیرہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق فروری 2021 کے دوران نان فوڈ آئٹم میں گیس، تیل، واشنگ سوپ، گاڑیوں کے پرزہ جات،تیار ملبوسات وغیرہ کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں جولائی 2021 تافروری 2022 کے دوران سی پی آئی میں 10.52 فیصد اضافہ ہوا ہے۔