پشاور (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 23 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں 5 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 3 الگ کارروائیاں کیں اور مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا پتا لگایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 23 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 5 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 26 مئی کو خفیہ اطلاع پر پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کیا گیا جس میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے ٹھکانے تباہ کیے گئے، مذکورہ آپریشن میں کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 27 مئی کو ڈسٹرکٹ ٹانک میں آپریشن کیا گیا جس میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔
ضلع خیبر میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران نائیک محمد اشفاق بٹ، لانس نائیک سید دانش افکار، سپاہی تیمور ملک، سپاہی نادر صغیر اور محمد یاسین نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔