بنوں (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے، ہمارے فیصلے کوئی اور نہیں کرے گا ہم خود کریں گے۔
بنوں میں امن جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھاکہ امن اور انصاف مانگیں گے نہیں، امن اور انصاف لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عقل مند انسان وہ ہوتا ہے جو کسی اور کے تجربہ سے سیکھتا ہے، بیوقوف انسان وہ ہے جو اپنے تجربے سے بھی نہیں سیکھتا۔
علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے، سب سن لیں! امن مانگیں گے نہیں امن لیں گے، حلف دیتا ہوں حق، امن اور انصاف کے لیے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں گا، خیبر پختونخوا کی سرزمین پرکوئی ہم پر ظلم وجبر نہیں کرسکتا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ اپنی اصلاح کرلو جو اصلاح نہیں کرے گا سزا کے لیے تیار رہے، جہاں شرپسندوں کا شبہ ہوگا وہاں پولیس کارروائی کرے گی، کوئی مسلح گروہ یا مسلح شخص مجھے خیبرپختونخوا میں نظر نہ آئے، کوئی کسی پر ناجائز ہاتھ ڈالنے سے پہلے سوچ لے کہ یہ ہاتھ مجھ پر ڈالا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو اختیار دیتا ہوں منشیات فروشوں کو مت چھوڑیں میں آپ کے ساتھ ہوں، ہمارا شخصیت سے تو اختلاف ہوسکتا ہے لیکن شہداء سے متعلق غلط بات پر مجھے تکلیف ہوتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ کے پی کے عوام سن لیں مدرسے کے بچے ہمارے دلوں کے بہت قریب ہیں، بجٹ میں مدرسے کے طلبہ کے لیے بھی فنڈز رکھے ہیں، مدرسے کے طلبہ کو بنیادی تعلیم اور روزگار میں بھی حق دیں گے۔