لاہور(ڈیسک)لاہورکی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کیخلاف پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں نیب استغاثہ کے تین گواہان پر جرح مکمل کرنے کے بعد مزید سماعت گیارہ اپریل تک ملتوی کردی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا۔احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے پیراگون ہاؤ سنگ سوسائٹی ریفرنس پر سماعت کی۔بدھ کے روز سماعت پر ممبر قومی اسمبلی و سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی طرف سے حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جس میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ خواجہ سعدرفیق اسلام آباد میں قومی اسمبلی معاملات میں مصروف ہیں،ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔ عدالت نے حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی جبکہ ممبر پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگوائی۔دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے نیب گواہان پر جرح کی جس کے بعد عدالت نے مزید سماعت 11 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ملزمان سمیت مزید گواہان کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا۔احتساب عدالت کے روبرو پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس کیس میں اب تک 29 گواہان اپنے بیانات قلمبند کروا چکے ہیں، خواجہ برادران کے خلاف مجموعی طور پر 130 گواہان بیان قلمبند کروائیں گے۔