خانیوال (ڈیسک) خانیوال میں حساس ادارے کے 2 شہید افسران کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم، سول و ملٹری حکام اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔
آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر نوید صادق اورانسپکٹر ناصر عباس نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت پائی تھی۔ نوید صادق کو ملک دشمن عناصر کے خلاف بہادری اور جرات کے اعتراف میں 23 مارچ 2021ء کو ستارہ شجاعت سے نوازا گیا تھا۔ حساس اداروں کے دونوں افسران کو ایک تنظیمی نیٹ ورک کے ذریعے شہید کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں 2 افراد کونامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں نامزد ایک ملزم عمر نیازی سی ٹی ڈی کی واچ لسٹ میں شامل تھا۔
شہید نوید صادق انسداد دہشت گردی ونگ کے ڈائریکٹر تھے، انہوں نے 2002ء میں بطور سب انسپکٹر پولیس فورس جوائن کی بعد ازاں مقابلہ کا امتحان دے کر 2009ء میں آئی ایس آئی میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعینات ہوئے۔ انہوں نے دوران ملازمت کالعدم تنظیموں کے اہم نیٹ ورکس کو بے نقاب اور فیصل آباد میں چھاپا مار کر دہشت گردوں کو بے اثر کیا۔اسی طرح نوید صادق نے گوجرانوالہ میں خودکش حملہ آوروں کا مقابلہ کیا اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو اغوا کرنے والے نیٹ ورک کا سراغ بھی لگایا۔ انہی کی یونٹ کے 2 افسران انسپکٹر عمر مبین جیلانی اور سب انسپکٹر یاسر کو شہید کرنے والے کالعدم تنظیم کا نیٹ ورک بھی انہوں نے ہی بریک کیا تھا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نوید صادق کو ساتھی افسر ناصر عباس کے ہمراہ خانیوال میں ملزم عمر نیازی نے اس وقت دہشت گردی کا نشانہ بنا کر شہید کردیا جب وہ افغانستان سے آپریٹ ہونے والی ایک کالعدم تنظیم کا نیٹ ورک توڑنے کے مشن پر تھے۔