You are currently viewing خاتون جج دھمکی کیس، عمران خان کی  عدالت سے غیرمشروط  معافی

خاتون جج دھمکی کیس، عمران خان کی عدالت سے غیرمشروط معافی

اسلام آباد (ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے خاتون جج دھمکی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوکر غیر مشروط معافی مانگ لی.

عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے بجائے سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ نے اپنے بیان کی سنگینی کو سمجھا اور معافی مانگی، آپ کی اس بات کی ستائش کرتے ہیں،عمران خان نے عدالت میں کہا کہ اگر میں نے کوئی لائن کراس کی ہے تو میں عدالت سے غیرمشروط معافی مانگتا ہوں اور آئندہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانی کراتا ہوں، عمران خان 29 ستمبر تک حلف نامہ جمع کرائیں گے. پیشی کے موقع پرعمران خان کے ہمراہ شاہ محمود قریشی، شبلی فراز اور وکیل حامد خان بھی موجود تھے، اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو احاطہ عدالت میں جانے کی اجازت نہیں تھی۔عمران خان کی پیشی کےموقع پر 2 ایس پیز سمیت 710 افسران و اہلکار تعینات کیے گئے تھے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر ایف سی اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات تھے۔