حیدرآباد (ڈیسک) حیدرآباد میں ہندو ڈاکٹر کے قتل کے الزام میں مزید دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق سٹیزن کالونی حیدرآباد میں ماہر امراض جلد ڈاکٹر دیو رام راٹھی کو مذہبی جنونیت نہیں بلکہ لوٹ مار کے دوران قتل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم ڈرائیور حنیف لغاری نے ڈاکٹر دیو رام کے گھر ڈکیتی کا منصوبہ بنایا تھا، 5 ملز مان نے ڈاکٹر دیو رام راٹھی پر گاڑی میں تشدد کیا اور رقم کا معلوم کرتے رہے۔
رقم کے بارے میں معلومات نہ دینے پر ملزمان نے چھری کے وار سے ڈاکٹر دیو رام کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق قتل میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ایک مفرور ملزم کی تلاش جاری ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر دیو رام راٹھی کو 8 مارچ کو قتل کیا گیا تھا۔