اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت جاپان کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے، جاپان کا شمار پاکستان کیلئے بڑے ڈونر ممالک میں ہوتا ہے، پاکستان میں گاڑیوں کی صنعت نے ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں جاپانی سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جاپان نے پہلی جنگ عظیم کے بعد جس طرح ترقی کی وہ قابل تعریف ہے، جاپانی قوم نے انتھک محنت اور لگن سے ترقی کی منازل طے کی ہیں، جاپان کے لوگوں کے کاروباری اصولوں کے بلند معیار سے آگاہ ہوں، جاپان نے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہمیشہ پاکستان کی مدد کی، جاپان کا شمار پاکستان کے قریبی دوستوں میں ہوتا ہے، 90 کی دہائی تک بہت سی جاپانی کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی تھیں، 2016 میں سوزوکی کمپنی کے ساتھ مثبت مذاکرات ہوئے، پاکستان میں گاڑیوں کی صنعت نے ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کیا ہے، جاپان پاکستان میں اہم منصوبوں میں معاونت کر رہا ہے اور جاپان کی طرف سے گزشتہ سات عشروں میں 13 ارب ڈالر کی خطیر رقم پاکستان کو فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہیں، تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔