You are currently viewing حتمی احتجاج: 3 لاکھ پاکستانی نکل آئیں تو کافی ہیں، شیر افضل مروت

حتمی احتجاج: 3 لاکھ پاکستانی نکل آئیں تو کافی ہیں، شیر افضل مروت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نےکہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرنے دینا اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کے باوجود پھر جیل میں دفعہ144 کا جواز بنایا گیا، ان کا کہنا تھا کہ دفعہ144 کا جیل کے احاطے میں اطلاق نہیں ہوتا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ اڈیالہ جیل کا نیا سپرنٹنڈنٹ پی ٹی آئی اور اس کے بانی کو پریشان کرنے کے لیے لایا گیا، ہمیں ان سے نرمی کی توقع نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرز کو حبس بے جا میں رکھا گیا، آئینی عہدے رکھنے والے ہمارے رہنماؤں کو اغوا کیا گیا، آج حکومت نے دنیا کے سامنے اپنا چہرہ بدنما کرکے پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے لوگوں کو تھانے کچہری، ایف آئی آر سے ڈر لگتا تھا، حکومت نے اپنی محنت سے لوگوں کے دلوں سے تھانے کچہری کا ڈر نکال دیا۔
شیرافضل نے کہا کہ ہم ڈر جائیں تو یہ کامیاب، نہ ڈریں اور بڑی تعداد میں نکل آئے تو یہ خود ڈر جائیں گے، دو تین لاکھ پاکستانی کسی بھی علاقے سے نکل آئیں تو کافی ہیں، دوسرے علاقوں کی طرح پنجاب سے بھی لوگوں کو نکلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز اور عوام کے ذہن میں بٹھانا ہے کہ یہ احتجاج حتمی ہے، حتمی احتجاج میں ہم ناکام ہوئے تو 6 ماہ تک دوبارہ مومنٹم نہیں بن سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 3لاکھ بنگلہ دیشی نکلے اور وہاں کی پوری حکومت کو تہس نہس کردیا، ہم کوئی بغاوت تو نہیں کررہے پاکستان کے آئین کے تحت اپنے آئینی حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کررہے ہیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.