لاہور (ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی 9 مئی واقعات سے متعلق جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیشی کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی ارکان نے چیئرمین پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ 9 مئی کو پورے ملک میں جو ہوا وہ پلاننگ تھی یا اتفاق؟
چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ پلاننگ کہیں اور سے ہوئی اس سے میرا کوئی تعلق نہیں۔
جے آئی ٹی نے سوال کیا کہ آپ کے لوگ کنٹونمنٹ میں کیوں گئے تھے؟
چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ جب کمانڈر مجھے گرفتار کرے گا تو لوگوں نے وہیں جانا تھا۔
جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے سوال کیا کہ ثبوت ہیں کہ آپ نے انہیں مشتعل کیا اور احکامات دیئے۔
جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سب لوگ اپنی مرضی سے ان مقامات پر گئے، اس دن جو ہوا سب ایک سازش تھی۔
جے آئی ٹی نے مختلف ویڈیوز اور تصاویر بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو دکھائیں جس کو انہوں نے ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا یہ میرے لوگ نہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی ایک گھنٹہ جے آئی ٹی کے سامنے کانفرنس روم میں موجو رہے۔
یاد رہے کہ جے آئی ٹی ایک ڈی آئی جی، ایک ایس ایس پی اور 4 ایس پیز پر مشتمل تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے جے آئی ٹی اراکین کو کہا کہ میں واپس آؤں گا اور آپ کو اپنی ان تمام کارروائیوں کا جواب دینا ہوگا۔