لاہور (ڈیسک) پاکستان کی سیاسی بساط پر نئی سیاسی جماعت کا ظہور ہو گیا، جہانگیر ترین اور علیم خان نے نئی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کر دیا۔
استحکام پاکستان پارٹی کے نام سے نئی سیاسی جماعت وجود میں آ گئی، ذرائع کے مطابق عبدالعلیم خان کے گھر پرجہانگیر ترین اور 100سے زائد ارکان اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ کا انتظام کیا گیا جہاں رہنمائوں نے نئی سیاسی جماعت کے نام کا اعلان کر دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی بڑی تعداد عشائیہ میں شریک تھی، رہنمائوں نے نئی قیادت کے ساتھ مل کر سیاسی جہدوجہد میں شامل ہونے کا ارادہ ظاہر کیا۔ عشائیہ میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، فواد چوہدری، عامر کیانی، علی زیدی، فردوس عاشق، فیاض الحسن چوہان، مراد راس، نوریز شکور، رفاقت گیلانی، مبین عالم، ممتاز مہروی، ارشاد کاٹھیا، عثمان اشرف، سید محمد چشتی، عون چوہدری، اجمل چیمہ، شعیب صدیقی ، دیوان عظمت ، خرم روکھڑی کے علاوہ دیگر بہت سے سیاسی شخصیات موجود تھیں۔
موقع پر موجود اراکین نے جہانگیر ترین اور علیم خان کی قیادت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستانی سیاست کے منظر نامے میں مل کر چلنے پر اتفاق رائے کیا۔