You are currently viewing جڑانوالہ واقعات اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

جڑانوالہ واقعات اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہے، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

فیصل آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین مرکزی علماء کونسل و سیکریٹری جنرل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ جڑانوالہ میں قرآن کریم کی توہین کے دلخراش واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اسلام اور آئین پاکستان اس کی ہر گز اجازت نہیں دیتا۔
اپنے ایک بیان میں صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ جڑانوالہ میں قرآن کریم کی توہین کے بعد ردعمل میں مسیحی کمیونٹی کی املاک پر حملہ نہ صرف دین اسلام کی تعلیمات اور آئین پاکستان کی بنیادی روح کی خلاف ورزی ہے بلکہ ناقابل معافی جرم ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسلام اور آئین پاکستان تمام اقلیتوں کی جان مال اور ان کی عبادت گاہوں کے احترام اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ توہین قرآن میں ملوث افراد اور مسیحیوں کے گرجا گھر، مکانات اور املاک کو آگ لگانے والے افراد کو گرفتار کیا جائے۔
زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ جڑانوالہ میں ہونے والے فسادات انتہائی افسوس ناک ہیں، قرآن مجید کی توہین کسی بھی مذہب کی عبادت گاہوں اور مقدس کتابوں کی توہین کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
انھوں نے کہا کہ مرکزی علماء کونسل حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ جڑانوالہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی جائے۔
بہت بڑی سازش کے تحت اسلام اور پاکستان کو بدنام کیا جارہا ہے حکومت بروقت کارروائی کرکے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔
اسلام قطعاً اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لے کر کسی کی املاک یا عبادت گاہ کو نذر آتش کیا جائے ہم اس عمل کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7