You are currently viewing جو کچھ عمران کر رہےہیں ہم کرتے تو مائیں ہمیں تلاش کر رہی ہوتیں، خالد مقبول

جو کچھ عمران کر رہےہیں ہم کرتے تو مائیں ہمیں تلاش کر رہی ہوتیں، خالد مقبول

کراچی (ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ڈومیسائل کا فرق واضح ہے، جو کچھ عمران خان کر رہے ہیں، اس کا 10 فیصد بھی ہم کرتے تو آج ہماری مائیں ہمیں تلاش کررہی ہوتیں۔
ضلع کورنگی میں صفائی مہم کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ دو اضلاع میں ایم کیو ایم کے ایڈمنسٹریٹر ہیں جہاں عوامی مسائل حل ہوتے نظر آرہے ہیں، گزشتہ 14 سال سے کراچی کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ملک کو چلانے والے شہر کو تعصب اور لاشوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔
انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر حقیقی جیل ہو تو جیل جانے والا لیڈر بنتا ہے جبکہ سہولتوں سے آراستہ دو نمبر جیل ہو تو لیڈر بھی دو نمبر بنتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ جو کچھ عمران خان کر رہے ہیں، اس کا 10 فیصد بھی ہم کرتے تو آج ہماری مائیں، بہنیں ہمیں تلاش کررہی ہوتیں، یہ فرق اہل کراچی کو پتہ ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ گزشتہ روز سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔