بھوبنیشور (ڈیسک)ایف آئی ایچ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔
میزبان بھارت، بیلجیئم، جرمنی، سپین، فرانس، ملائیشیا، ہالینڈ اور ارجنٹائن نے فائنل ایٹ میں جگہ بنا لی ہے۔ ایف آئی ایچ کے زیر اہتمام میگا ایونٹ کے دلچسپ مقابلے بھارت کے شہر بھوبنیشور میں جاری ہیں۔ پہلے مرحلے کے میچز مکمل ہونے کے بعد پول اے سے بیلجیئم اور ملائیشیا، پول بی سے فرانس اور بھارت، پول سی سے ہالینڈ اور سپین جبکہ پول ڈی سے جرمنی اور ارجنٹائن نے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔ ایف آئی ایچ کے مطابق ناک آﺅٹ مرحلے کے میچز یکم دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا پہلا کوارٹر فائنل بھارت اور بیلجیئم کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں جرمنی اور سپین کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ تیسرا کوارٹر فائنل فرانس اور ملائیشیا جبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل ہالینڈ اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل مقابلے 3 دسمبر جبکہ فیصلہ کن معرکہ 5 دسمبر کو ہو گا۔