You are currently viewing جنسی زیادتی کا الزام؛ غازی یونیورسٹی کے دو پروفیسر گرفتار

جنسی زیادتی کا الزام؛ غازی یونیورسٹی کے دو پروفیسر گرفتار

ڈیرہ غازی خان (ڈیسک) ڈیرہ غازی خان میں طالبہ سے زیادتی کے مبینہ ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق غازی یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کی طالبہ ثنا ارشاد نے گزشتہ دنوں وڈیو بیان جاری کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس کے ساتھ مبینہ طور ایک پروفیسر نے جنسی زیادتی کی ہے اور دوسرا پروفیسر بلیک میل کر رہا ہے۔
وڈیو بیان سامنے آنے پر آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر طالبہ ثنا ارشاد کی مدعیت میں تھانہ گدائی میں مقدمہ درج کیا گیا۔
درج مقدمہ میں مدعیہ نے موقف اختیار کیا کہ میری کلاس فیلو طاہرہ لال مجھے اضافی نمبر دلوانے کے بہانے رواں برس مئی کے مہینہ میں شعبہ فزکس کے ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر ظفر وزیر اور ڈاکٹر خالد خٹک کے پاس لے گئی اور ڈاکٹر ظفر وزیر نے مجھے نشہ آور مشروب پلا کر میرے ساتھ جنسی زیادتی کی اور ڈاکٹر خالد خٹک مجھے اور چھوٹی بہن جوکہ یونیورسٹی کی طالبہ ہے، تاحال بلیک میل کر رہا ہے۔
ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے کر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس میں مقدمے کے تمام پہلوئوں پر نظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جا رہی ہے۔