ٹوکیو(ڈیسک)جاپانی وزیر اعظم کا وائرس پر قابو پانے اور معیشت کو دوبارہ تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق جاپان کے وزیر اعظم یوشی ہیدے سوگا نے اپنے پیغام میں کورونا وائرس پر قابو پانے اور معیشت کو دوبارہ تحریک دینے کے اپنے عزم پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کورانا وائرس کے مزید پھیلا کو روکنے اور جاپانی عوام کو محفوظ رکھنے کی اپنی ہر ممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نئی ایجادات میں تحریک کا باعث بننے والی سرمایہ کاری میں تعاون کرے گی، اور علاقائی معیشتوں کو تقویت دینے کے لیے زرعی اصلاحات اور سیاحت کو فروغ دے گی۔خارجہ پالیسی سے متعلق وزیر اعظم سوگا نے کہا کہ وہ جاپان امریکہ اتحاد کو بنیاد بناتے ہوئے، آزاد اور کھلے ہند بحرالکاہل خطے کے حصول کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے موسم گرما میں اولمپک و پیرالمپک کھیلوں کے بحفاظت انعقاد کی تیاریوں کے حوالے کہا کہ یہ کھیل عالمی اتحاد کی علامت ہوں گے۔ 2020 ٹوکیو گیمز کو کورونا کی عالمگیر وبا کے باعث ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔