ٹوکیو(ڈیسک) جاپان میں کورونا کیسز میں مسلسل اضافے کے باعث مزید 18 علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔
جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق جاپان حکومت کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاو میں مسلسل اضافے کے باعث لاک ڈاون کو مزید 18 علاقوں تک وسعت دی جائے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ 18 علاقوں کے حکام ایسے سخت تر اقدامات کے نفاذ کرنے کی درخواست کر رہے ہیں، جو ریستورانوں اور مے خانوں جیسے کاروباروں کو متاثر کرتے ہیں۔ لاک ڈاون کی حالت کے تحت جلد اوساکا، ہیوگو، کیوتو، ہوکائیدو، آموری، یاماگاتا، فکوشیما، اِباراکی، توچِگی، ناگانو، اِشی کاوا، شِزواوکا، شِمانے، اوکایاما، فکواوکا، ساگا، اوءِیتا اور کاگوشیما میں لاک ڈاون نافذ کر دیا جائے گا۔حکومت ان علاقوں کو تقریبا 3 ہفتوں کے لیے نیم لاک ڈاون کے تحت رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت اوکیناوا، یاماگچی اور ہیروشیما پریفیکچروں میں نافذ کردہ لاک ڈاون کی حالت کو بڑھانے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے جو اس وقت 31 جنوری کو ختم ہونے والی ہے۔وزیراعظم فومیو کیِشیدا ماہرین کے ایک پینل سے مشاورت کے بعد ممکنہ طور پر اس معاملے کے بارے میں کوئی فیصلہ کریں گے۔