کراچی (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں جان بچانے والی ادویہ کی پھر قلت پیدا کردی گئی، انسولین سمیت 27 اہم دوائیں اسٹورز پر دستیاب نہ ہونے سے مریضوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ڈرگ انسپکٹر سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں انسولین سمیت 27 اہم ادویہ میڈیکل اسٹورز پر دستیاب نہیں ہیں۔
سیکریٹری صوبائی ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ سندھ سید عدنان رضوی نے خط لکھ کر پورے صوبے کے ڈرگ انسپکٹرز کو عدم دستیاب ادویہ کے سروے کا حکم دیا ہے۔
حکام کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی 30 اہم ادویہ مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔
عدم دستیاب ادویہ میں اینٹی بائیوٹکس، نفسیاتی و دماغی امراض اور دمے کی دوائیں شامل ہیں جبکہ ٹیٹنس کے انجکشن اور مختلف اقسام کے انہیلرز کی بھی شدید قلت ہے۔
دریں اثناء ڈریپ حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں ادویہ کی کوئی بڑی قلت نہیں، سپلائی چین کے مسائل ہوسکتے ہیں۔
ڈریپ حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ہفتہ وار بنیاد پر ادویہ کی موجودگی کا سروے کراتے ہیں، انسولین وافر مقدار میں موجود ہے۔