اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں معافی مسترد کردی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے فواد چوہدری کی معافی کی تحریری درخواست پر فیصلہ جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے سابق وفاقی وزیر کو 15 اگست تک شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری نے تحریری طور پر مشروط معافی مانگی لیکن اس میں کسی افسوس کا اظہار نہیں کیا گیا۔
جاری بیان کے مطابق فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین آمیز الزامات لگائے، یہ حساس نوعیت کا معاملہ ہے اس پر مشروط معافی سے تلافی نہیں ہو سکتی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چوہدری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے ۔
فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن میں پیش ہو کر معافی مانگی تاہم ممبران الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو تحریری معافی نامہ لکھ کر جمع کرانے کا کہا تھا جس پر فواد چوہدری نے تحریری معافی نامہ جمع کرایا تھا۔