اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جو کل 11 بجے سنایا جائے گا۔
عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کی سزا کے خلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔
الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے عمران خان کی سزا معطلی کی مخالفت کرتے ہوئے مختلف قوانین اور عدالتی فیصلوں کے حوالے پیش کیے۔
امجد پرویز ایڈووکیٹ کا کہنا تھا پبلک پراسیکیوٹر کو بھی پہلے نوٹس کیا جانا ضروری ہے۔
جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ شکایت تو الیکشن کمیشن نے فائل کی تھی ریاست نے نہیں، ٹرائل کورٹ میں آپ نے یہ بات نہیں کی، آپ پہلی بار یہ کہہ رہے ہیں۔
وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز ایڈووکیٹ نے بھارتی عدالت کے فیصلے کا حوالہ دیا۔
وقفے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے روسٹرم پر آکر نواز شریف کی سزا معطلی کا حکم بحال رکھنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ لطیف کھوسہ نے سزا معطلی کی درخواست پر دلائل کیلئے 3 دن لیے، انہوں نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنانے والے جج کو مشقِ ستم بنا رکھا ہے، انہوں نے 6 نکات اٹھائے مجھے ان کا جواب دینا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ اب مزید کس نکتے پر دلائل باقی ہیں؟
امجد پرویز ایڈووکیٹ نے بتایا کہ حق دفاع اور4 ماہ میں کمپلینٹ دائرکرنے کے نکات پر دلائل دینے ہیں، واویلا کیا جا رہا ہے کہ ٹرائل کورٹ کے جج نے ہائیکورٹ کے آرڈرکی خلاف ورزی کی، میں بتاؤں گا کہ ٹرائل کورٹ نے ہائیکورٹ کے آرڈرکی خلاف ورزی نہیں کی، ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ ملزم کے وکیل عدالت میں پیش ہوکر دلائل دیں گے۔
وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے گواہوں کو غیر متعلقہ قرار دیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف یہ کیس غلط ڈکلیئریشن کا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ کیا الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی اثاثوں کی تفصیلات پبلک دستاویز ہے؟
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
کیس کا فیصلہ کل دن 11 بجے سنایا جائے گا۔