اسلام آباد (نیوز ڈیسک) توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں 22 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے آئندہ ہفتے کی کازلسٹ جاری کردی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کر کے رہائی سے متعلق درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری اس درخواست پر سماعت کریں گے۔
عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت کے لیے نوٹس جاری کر رکھے ہیں اور ٹرائل کورٹ سے کیس کا تمام ریکارڈ بھی طلب کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ 5 اگست کو اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی اور اس وقت وہ اٹک جیل میں قید ہیں۔