اسلام آباد (ڈیسک) توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے مزید قانونی لڑائی لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں گزشتہ روز اسلام آباد سیشن کورٹ کا فیصلہ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی انڈر ٹیکنگ کو تسلیم کرتے ہوئے پولیس کو گرفتار ی سے روکا جائے۔
عمران خان خود عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں، عدالت درخواست پر آج ہی سماعت کرے۔
ہائی کورٹ رجسٹرار آفس نے دائر درخواست پر اعتراض عائد کر دیے، رجسٹرار کے مطابق جس معاملے پر ہائی کورٹ پہلے ہی سماعت کر چکی اور فیصلہ دے چکی ہے اسے دوبارہ کیسے سنا جائے۔
رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ کسی پٹیشن میں حکم پر حکم کیسے جاری کیا جا سکتا ہے؟
رجسٹرار نے اعتراض کیا کہ عمران خان کا بائیو میٹرک بھی نہیں ہے۔
یاد رہے کہ اسلام سیشن کورٹ نے عمران خان کو 18مارچ کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم برقرار رکھا تھا۔