You are currently viewing توشہ خانہ ریفرنس کیس: الیکشن کمیشن کو میانوالی کی نشست پر ضمنی الیکشن موخر کرنے کی ہدایت

توشہ خانہ ریفرنس کیس: الیکشن کمیشن کو میانوالی کی نشست پر ضمنی الیکشن موخر کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو میانوالی کی نشست پر ضمنی الیکشن کرانے سے روک دیا جب کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو نااہل کیے جانے کے فیصلے کیخلاف درخواست مسترد کر دی۔

اسلام آبادکی عدالت میں جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست کی سماعت کی، عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر پیش ہوئے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن جمع کرانے کی درخواست کر رکھی ہے جس میں انھیں نااہل قرار دیا گیا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ریفرنس کس کی طر ف سے آیا تھا، بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ ریفرنس اسپیکر نے بھیجا ہے جس پر نااہلی کا فیصلہ سنایا گیا۔ الیکشن کمیشن 90 دن کے اندر اسپیکر کے سوالات کا جوابات دینے کا پابند ہوتا ہے۔ بیرسٹر علی ظفر نے عدالت کو مزید بتایا کہ ہر ایم این اے 30 جون تک اپنے تمام اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا پابند ہوتا ہے۔ اگر کوئی ممبر اسمبلی غلط معلومات فراہم کرے یا چار ماہ میں گوشوارے جمع نہ کرائے تو وہ غلط پریکٹس کا مرتکب گردانا جاتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جھوٹے بیان، غلط معلومات کی سزا قانون میں تین سال قید، جرمانہ ہے، نااہلی کی سزا قانون میں نہیں۔ یہ سزا بھی سیشن کورٹ دے سکتی ہے، الیکشن کمیشن نہیں اس کا مجاز نہیں، اس لیے عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ معطل کیا جائے ۔ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ تو معطل نہیں کر رہے البتہ ضمنی الیکشن کرانے سے روک دیتے ہیں ۔ عدالت نے میانوالی کی سیٹ پر ضمنی الیکشن کرانے کو موخر کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔