پشاور(ڈیسک) ملک بھر میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قلت اور قیمت کو سبب بناتے ہوئے پشاور میں تندور مالکان نے روٹی کی قیمت 30روپے کر دی ہے۔
صوبائی دار الحکومت پشاور میں نان بائیوں نے 170گرام روٹی کی قیمت میں 10روپے کا ہوشربا اضافہ کر دیا، اضافے کے بعد ایک روٹی کی قیمت 30روپے ہو گئی ہے۔
نان بائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گندم، آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باعث مجبوراً روٹی کی قیمت بڑھانا پڑی، اس سے کم قیمت میں روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں۔
دوسری جانب شہری انتظامیہ کا موقف ہے کہ روٹی کی سرکاری اور اصل قیمت 20روپے ہے، روٹی کی قیمت میں اضافہ نان بائیوں نے خود کیا ہے۔
لاہور میں بھی آٹے کی بڑھتی قیمت کے باعث تندور مالکان نے ضلعی انتظامیہ سے روٹی کی قیمت میں اضافے کی درخواست کی ہے جس پر انتظامیہ نے قیمت بڑھانے سے انکار کر دیا ہے۔ نان بائیوں نے درخواست کی تھی کہ روٹی کی قیمت 25روپے جب کہ نان کی قیمت 35روپے کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہنگا آٹا خرید کر سستی روٹی فروخت کرنا عملی طور پر ممکن نہیں۔