لاہور (ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے وزیر حسنین بہادر دریشک نے استعفیٰ دے دیا۔
صوبائی وزیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق ایک روز قبل کابینہ اجلاس میں حسنین بہادر دریشک کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے تکرار ہو گئی تھی۔ کابینہ کے اجلاس میں کئی وزرا ایک ساتھ بات کرنا چاہ رہے تھے جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ میں ایک وقت میں ایک ہی وزیر بات کر سکتا ہے، میں کابینہ اجلاس ڈسپلن سے چلائوں گا۔
صوبائی وزیر نے پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنی بات جاری رکھی، جس پر وزیر اعلیٰ نے انھیں اجازت کے بغیر گفتگو سے روکنے کی کوشش کی، اس پر حسنین بہادر طیش میں آ گئے اور اجلاس چھوڑ کر باہر چلے گئے۔
بعد ازاں انھوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعلیٰ کو بھجوا دیا، حسنین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ صوبائی اسمبلی سے مستعفی ہو چکے ہیں۔