لاہور(ڈیسک) لاہور کی سیشن عدالت نے میٹرو بس کے ٹھیکہ دینے کے بیان پر ترک کمپنی کی طرف سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے خلاف ہرجانے کے دعوی کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے شہباز گل کو 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج چوہدری ذوالفقار علی نے پیر کو گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے تحریری فیصلہ میں درخواست گزار کو شہباز گل کو یو ایس بی ،سی ڈی سمیت دیگر ضروری دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔گزشتہ سماعت پر شہباز گل نے اپنے وکلاکے ہمراہ عدالت میں پیش ہوکر حاضری لگوائی اور عدالت کے روبرو وکالت نامہ پر دستخط کئے۔ ترک کمپنی نے میٹرو بس منصوبے کے ٹھیکے کے حوالے سے شہباز گل کے ٹی وی چینل پر دئے گئے بیان پر دعوی دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ شہباز گل نے کمپنی پر غیر قانونی ٹھیکہ لینے کا الزام عائد کرکے کمپنی کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ اس عمل پران کو بھاری جرمانہ اور سزا دی جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت کے لیے 16 جنوری کی تاریخ مقرر کی ہے۔