استنبول(ڈیسک)ترکی نے کورونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاﺅ کے خدشات کے پیش نظر بھارت سمیت 6 ممالک پر سفری پابندی عائد کر دی۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم کے خدشات کے پیش نظر ترکی نے چھ ممالک بنگلہ دیش ، برازیل ، جنوبی افریقا ، بھارت ، نیپال اور سری لنکا کی تمام پروازوں اور بر اہ راست سفر پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جو افراد دوسرے مقامات سے ترکی آتے ہیں لیکن وہ گزشتہ 14 دنوں میں ان ممالک میں رہے ہیں انہیں انٹری سے قبل 72 گھنٹوں میں پی سی آر کا منفی ٹیسٹ کی ضرورت ہوگی اور انہیں 14 دن تک قرنطینہ بھی کیا جائے گا۔ جبکہ پاکستان اور افغانستان سے آنے والے یا گزشتہ 14 دنوں میں وہاں سے آنے والے افراد کو ترکی پہنچنے پر 10 دن کے لیے قرنطینہ کیا جائے گا ۔ برطانیہ ، ایران ، مصر اور سنگاپور سے آنے والے افراد کو پہنچنے سے 72 گھنٹوں کے اندرپی سی آر کا منفی ٹیسٹ دکھانا ہوگا۔